فوسپاہ کا فاطمہ جناح کیڈٹ کالج مری میں طالبات کے لیے ہراسگی سے متعلق آگاہی سیشن

وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے انسداد ہراسگی (فوسپاہ) کے زیر اہتمام فاطمہ جناح کیڈٹ کالج مری میں طالبات کیڈٹس کے لیے ہراسگی سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کی 150 سے زائد طالبات نے شرکت کی۔جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سیشن کا مقصد طالبات کو باعزت، محفوظ اور ہراسگی سے پاک تعلیمی و پیشہ ورانہ ماحول کی اہمیت سے آگاہ کرنا …

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے انسداد ہراسگی (فوسپاہ) کے زیر اہتمام فاطمہ جناح کیڈٹ کالج مری میں طالبات کیڈٹس کے لیے ہراسگی سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں فرسٹ اور سیکنڈ ایئر کی 150 سے زائد طالبات نے شرکت کی۔جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سیشن کا مقصد طالبات کو باعزت، محفوظ اور ہراسگی سے پاک تعلیمی و پیشہ ورانہ ماحول کی اہمیت سے آگاہ کرنا تھا۔آگاہی سیشن فوسپاہ کی کمیونیکیشن آفیسر یمنیٰ جمیل، اسسٹنٹ رجسٹرار شزا کلیم اور اسسٹنٹ رجسٹرار انیسہ زیب نے منعقد کیا۔

اس موقع پر طالبات کو ہراسگی کے تصور، اس سے متعلق قانونی حقوق و ذمہ داریوں اور تحفظ خواتین بمقابلہ ہراسگی در مقام کار ایکٹ کے تحت دستیاب شکایت اور داد رسی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔پریس ریلیز کے مطابق تعاملی نوعیت کے اس سیشن میں طالبات کیڈٹس کو نامناسب رویوں کی نشاندہی، قانونی تحفظات اور باوقار، محفوظ اور مساوی مواقع پر مبنی ماحول کے فروغ میں اپنے کردار کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کی گئی۔فوسپاہ کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں تعلیمی اداروں سمیت مختلف شعبوں میں آگاہی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے تاکہ تعلیم، آگاہی اور موثر روابط کے ذریعے ہراسگی سے پاک اور محفوظ ماحول کے فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔