پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے زیر اہتمام ممتاز پولش ایڈونچر سائیکلسٹ سلوومیر جان سٹرزیلچک کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد
پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کے زیر اہتمام ممتاز پولش ایڈونچر سائیکلسٹ سلوومیر جان سٹرزیلچک کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی) نے وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کے زیر اہتمام ممتاز پولش ایڈونچر سائیکلسٹ سلوومیر جان سٹرزیلچک (Sawomir Jan Strzelczyk) کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کر کے پاکستان-پولینڈ فرینڈشپ سائیکل ایکسپیڈیشن 2026 کا باضابطہ آغاز کر دیا۔ جمعہ کو یہاں منعقدہ تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام، پاکستان میں جمہوریہ پولینڈ کے سفارت خانے کے نمائندوں، سیاحت سے وابستہ شعبے کے نمائندوں، پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن، اسلام آباد سائیکلنگ ایسوسی ایشن، میڈیا نمائندگان اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین احمد وانی نے سلوومیر جان سٹرزیلچک کا پاکستان آمد پر خیرمقدم کیا اور پاکستان کو بین الاقوامی سیاحت اور ایڈونچر سپورٹس کے لیے محفوظ، متحرک اور عالمی معیار کی منزل کے طور پر فروغ دینے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں عوامی روابط کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔پاکستان میں جمہوریہ پولینڈ کے سفیر میچی پریسارسکی (Maciej Pisarski) نے حکومت پاکستان اور پی ٹی ڈی سی کی جانب سے پرتپاک مہمان نوازی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان دیرینہ دوستی مشترکہ اقدار، ثقافتی ہم آہنگی اور بین الاقوامی تعاون کی عکاس ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کی کہ سلوومیر جان سٹرزیلچک کا پاکستان کا سفر ملک کے شاندار قدرتی مناظر، ثقافتی ورثے اور مہمان نوازی کو پولینڈ سمیت عالمی سطح پر متعارف کرانے میں مددگار ثابت ہوگا اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آفتاب الرحمن رانا نے ایڈونچر ٹورازم، سائیکلنگ ٹورازم اور پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے پی ٹی ڈی سی کی مسلسل کوششوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان-پولینڈ فرینڈشپ سائیکل ایکسپیڈیشن پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر ایڈونچر اور ثقافتی سیاحت کی منزل کے طور پر بڑھتی ہوئی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔وزیراعظم یوتھ پروگرام برائے سیاحت و مہمان نوازی کے فوکل پرسن محمد رف راجہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام سیاحت، نوجوانوں کی شمولیت اور میڈیکل ٹورازم جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں کے فروغ کے لیے ایسے اقدامات کی حوصلہ افزائی اور معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی مشترکہ سرگرمیاں نہ صرف سیاحتی شعبے کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کرتی ہیں۔ اس موقع پر سلوومیر جان سٹرزیلچک نے حکومت پاکستان اور پی ٹی ڈی سی کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے خوبصورت قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے، مقامی آبادی سے ملاقات اور دوستی، ماحولیاتی شعور اور ذمہ دارانہ سیاحت کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران ٹور آپریٹر اور ایکسپیڈیشن کوآرڈینیٹر محمد صالح نے پاکستان کے ثقافتی ورثے اور خیرسگالی کے اظہار کے طور پر اپنی کتاب "The Lore of Gilgit-Baltistan” مہمان خصوصی کو پیش کی۔ تقریب کے دوران پی ٹی ڈی سی نے شرکا کو ایکسپیڈیشن کے روٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی جس کے مطابق تقریباً 1,390 کلومیٹر طویل سفر اسلام آباد سے شاہراہ قراقرم کے ذریعے خنجراب پاس تک طے کیا جائے گا۔
یہ سفر ٹیکسلا، ایبٹ آباد، بشام، چلاس، گلگت، ہنزہ، گل میت، پسو، سوست سے ہوتا ہوا خنجراب نیشنل پارک تک پہنچے گا جہاں پاکستان کے قدرتی حسن اور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا۔ پاکستان-پولینڈ فرینڈشپ سائیکل ایکسپیڈیشن 2026 کو 25 جولائی 2026ء کو صبح 8:30 بجے فیصل مسجد اسلام آباد کے فرنٹ پارکنگ ایریا سے باضابطہ طور پر روانہ کیا جائے گا جہاں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے اراکین دوستی اور یکجہتی کے اظہار کے طور پر سلوومیر جان سٹرزیلچک کے ہمراہ علامتی سائیکل رائیڈ میں شرکت کریں گے جس کے بعد وہ اپنے سفر کے پہلے مرحلے میں ایبٹ آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔ پاکستان-پولینڈ فرینڈشپ سائیکل ایکسپیڈیشن 2026 پائیدار سیاحت کے فروغ، ایڈونچر اسپورٹس کی حوصلہ افزائی اور سیاحتی سفارت کاری کے ذریعے بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے کے حوالے سے پی ٹی ڈی سی کے وژن کی عکاس ہے۔ توقع ہے کہ یہ ایکسپیڈیشن پاکستان کے بے مثال پہاڑی مناظر، مہمان نوازی اور ایڈونچر ٹورازم کے مواقع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔








