دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کے بعد پانی کی سطح میں بتدریج کمی شروع ہو گئی ہے۔ ضلعی فلڈ کنٹرول روم کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کو صبح 6 بجے چنیوٹ پل پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 36 ہزار 824 کیوسک ریکارڈ کیا گیا
چنیوٹ م چنیوٹ کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کے بعد پانی کی سطح میں بتدریج کمی

مزید خبریں
چنیوٹ۔ 24 جولائی (اے پی پی):دریائے چناب میں چنیوٹ کے مقام پر درمیانے درجے کے سیلاب کے بعد پانی کی سطح میں بتدریج کمی شروع ہو گئی ہے۔ ضلعی فلڈ کنٹرول روم کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کو صبح 6 بجے چنیوٹ پل پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 36 ہزار 824 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، جو صبح 10 بجے کم ہو کر 2 لاکھ 27 ہزار 702 کیوسک اور دوپہر 12 بجے مزید کم ہو کر 2 لاکھ 9 ہزار 457 کیوسک رہ گیا، جس سے سیلابی ریلے کے آگے بڑھنے کی تصدیق ہوئی ہے۔دریائے چناب کا سیلابی پانی اب ضلع چنیوٹ سے گزر کر تحصیل بھوانہ اور لالیاں کے نشیبی علاقوں سے ہوتا ہوا تریموں ہیڈ، ضلع جھنگ کی جانب رواں دواں ہے۔
سیلابی ریلے کے باعث تحصیل چنیوٹ، بھوانہ اور لالیاں کے متعدد دیہات متاثر ہوئے، جہاں پانی نشیبی آبادیوں اور زرعی رقبوں میں داخل ہونے سے کئی ایکڑ پر کھڑی فصلیں زیرِ آب آ گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، محکمہ آبپاشی، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی اور حفاظتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ حساس مقامات کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔دوسری جانب، تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔








