وزیرِ ریونیو و سٹیٹ خیبر پختونخوا طارق محمود آریانی نے جمعہ کو سروس ڈیلیوری سنٹر تخت بھائی مردان کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے عوام کو ریونیو خدمات کی فراہمی، دفتری امور اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا
وزیرِ ریونیو و سٹیٹ کا سروس ڈیلیوری سنٹر تخت بھائی مردان کا اچانک دورہ

مزید خبریں
پشاور۔ 24 جولائی (اے پی پی):وزیرِ ریونیو و سٹیٹ خیبر پختونخوا طارق محمود آریانی نے جمعہ کو سروس ڈیلیوری سنٹر تخت بھائی مردان کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے عوام کو ریونیو خدمات کی فراہمی، دفتری امور اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔محکمہ ریو نیو خیبر پختونخوا تر جمان کے مطابق دورے کے دوران وزیرِ ریونیو نے سروس ڈیلیوری سنٹر میں موجود شہریوں سے براہِ راست ملاقات کی اور ان کے مسائل، شکایات اور تجاویز سنیں۔ اس موقع پر انہیں تحصیلدار کے طرزِ عمل اور عوامی معاملات میں تاخیر سے متعلق متعدد شکایات موصول ہوئیں، جن پر انہوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تحصیلدار کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کر دیے۔وزیرِ ریونیو نے اس موقع پر واضح کیا کہ عوامی خدمت میں غفلت، اختیارات کا ناجائز استعمال، بدعنوانی یا شہریوں کے ساتھ نامناسب رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین عوام کے خادم ہیں اور انہیں اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، شفافیت اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دینی چاہئیں۔طارق محمود آریانی نے دورے کے دوران سب رجسٹرار آفس، اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر اور دیگر متعلقہ دفاتر کا بھی معائنہ کیا۔
انہوں نے ریکارڈ کی دیکھ بھال، سروس ڈیلیوری کے طریقہ کار اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریونیو و سٹیٹ نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت ریونیو نظام میں اصلاحات، شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ عوام کو تیز، آسان اور شفاف خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریونیو کی زیادہ سے زیادہ خدمات کو آن لائن منتقل کرنے پر تیزی سے کام جاری ہے، جبکہ سروس ڈیلیوری سنٹرز پر غیر ضروری رش کم کرنے کے لیے فرد کے حصول کی سہولت نادرا ای۔سہولت مراکز اور موبائل ایپلیکیشن کے ذریعے بھی فراہم کرنے کے منصوبے پر پیش رفت جاری ہے۔طارق محمود آریانی نے کہا کہ وہ صوبے بھر میں ریونیو دفاتر کے اچانک دورے جاری رکھیں گے تاکہ عوامی خدمات کی فراہمی کا خود جائزہ لیا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مفاد کے خلاف کام کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی، جبکہ ایمانداری اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔وزیرِ ریونیو نے ریونیو افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں، کیونکہ عوام کا اعتماد ہی حکومت کی کارکردگی کا اصل پیمانہ ہے۔








