وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے انسانی اعضا کی پیوندکاری انیشیٹو اور صحت کارڈ پروگرام کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں قرنیہ ٹرانسپلانٹ (کیراٹوپلاسٹی) پروگرام کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے
صحت کارڈ کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں قرنیہ ٹرانسپلانٹ پروگرام کی باضابطہ منظوری دے دی گئی

مزید خبریں
لاہور۔24جولائی (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے انسانی اعضا کی پیوندکاری انیشیٹو اور صحت کارڈ پروگرام کے تحت لاہور جنرل ہسپتال میں قرنیہ ٹرانسپلانٹ (کیراٹوپلاسٹی) پروگرام کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔پنجاب ہیلتھ انیشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی اور سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے جامع جائزے کے بعد ملنے والی اس منظوری کے بعد اب پنجاب بھر کے صحت کارڈ ہولڈرز اور بینائی سے محروم غریب و مستحق مریضوں کو جنرل ہسپتال میں اعلی معیار کے قرنیہ ٹرانسپلانٹ کی جدید سہولت میسر آئے گی۔
اس اہم پیشرفت پر پرنسپل امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف کا ہیلتھ ویژن صوبے کے غریب عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے شعب امراض چشم کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر طیبہ گل ملک اور انکی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی جنرل ہسپتال کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اداروں کے اعتماد کا ثبوت ہے اور یہ پروگرام قرنیہ کے امراض سے متاثرہ بینائی سے محروم افراد کے لیے امید کی ایک نئی کرن ثابت ہوگا۔








