مشعال حسین ملک کے خاندان کو سکیورٹی خدشات، رضیہ سلطان نے فوری حفاظتی اقدامات کی اپیل کردی

کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک اور مشعال حسین ملک کی صاحبزادی رضیہ سلطان نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اپنے خاندان کی سکیورٹی سے متعلق شدید خدشات ظاہر کرتے ہوئے مناسب حفاظتی اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔

اسلام آباد۔24جولائی (اے پی پی):کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک اور مشعال حسین ملک کی صاحبزادی رضیہ سلطان نے چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اپنے خاندان کی سکیورٹی سے متعلق شدید خدشات ظاہر کرتے ہوئے مناسب حفاظتی اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔یہاں جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کو سلامتی کے حوالے سے سنگین خدشات لاحق ہیں، جس کے باعث انہوں نے متعلقہ حکام سے سکیورٹی انتظامات کا فوری جائزہ لینے اور موثر حفاظتی اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ مشعال حسین ملک طویل عرصے سے مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہیں، اسی وجہ سے ان کے خاندان کو سکیورٹی خدشات کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ خاندان کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔رضیہ سلطان نے پاکستان کے ریاستی اداروں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتی ہیں کہ متعلقہ ادارے ان کی درخواست پر سنجیدگی سے غور کریں گے اور خطرات کے پیش نظر مناسب حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اپیل کی کہ ان کے خاندان کی سکیورٹی صورتحال کا فوری جائزہ لیا جائے اور اگر متعلقہ ادارے خطرے کی تصدیق کریں تو ضروری حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔