بالاکوٹ ، ہوٹل میں نامعلوم شخص کی جانب سے زہریلے بسکٹ کھلانے کے بعد تین افراد کو حالت غیر ہو گئی

بالاکوٹ کے ایک ہوٹل میں نامعلوم شخص کی جانب سے زہریلے بسکٹ کھلانے کے بعد تین افراد کو حالت غیر ہو گئی

مانسہرہ۔ 25 جولائی (اے پی پی):بالاکوٹ کے ایک ہوٹل میں نامعلوم شخص کی جانب سے زہریلے بسکٹ کھلانے کے بعد تین افراد کو حالت غیر ہو گئی۔ ترجمان ریسکیو 1122 بالاکوٹ کے مطابق متاثرہ افراد کو ٹائپ ڈی ہسپتال بالاکوٹ میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ریسکیو 1122 اور غلام حسن ویلفیئر ٹرسٹ کی ایمبولینسوں کے ذریعہ تشویشناک حالت میں کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال مانسہرہ منتقل کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق تینوں افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاہم اب ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ متاثرہ افراد کی شناخت 55 سالہ محمد صغیر ولد عبدالقیوم سکنہ ہٹیاں بالا کشمیر، 40 سالہ محمد مجاہد ولد محمد اسماعیل سکنہ ایبٹ آباد اور 42 سالہ محمد ارشد ولد بوستان سکنہ پٹیکا کشمیر کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعہ کی وجوہات اور مبینہ ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی ہے۔ بالاکوٹ پولیس نے واقعہ کی رپورٹ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔