ایشیا پیسیفک میڈیا پارٹنرشپ پروگرام ٹریننگ پراجیکٹ ،پاکستانی صحافی کو آؤٹ سٹینڈنگ پارٹیسپنٹ ایوارڈسے نوازا گیا

اتحاد میڈیا گروپ اور پاکستان اکنامک نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ایڈیٹر معیز فاروق کو چین کے دارالحکومت بیجنگ منعقدہ ایشیا پیسیفک میڈیا پارٹنرشپ پروگرام ٹریننگ پراجیکٹ (اے پی ایم پی 100 سیشن 1)میں شاندار کارکردگی پر ’’آؤٹ سٹینڈنگ پارٹیسپنٹ ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):اتحاد میڈیا گروپ اور پاکستان اکنامک نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ایڈیٹر معیز فاروق کو چین کے دارالحکومت بیجنگ منعقدہ ایشیا پیسیفک میڈیا پارٹنرشپ پروگرام ٹریننگ پراجیکٹ (اے پی ایم پی 100 سیشن 1)میں شاندار کارکردگی پر ’’آؤٹ سٹینڈنگ پارٹیسپنٹ ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔یہ اعزاز 22 سے 24 جولائی 2026 تک جاری رہنے والے تین روزہ بین الاقوامی تربیتی پروگرام کے دوران غیر معمولی محنت، بھرپور شرکت، فعال کردار اور مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کے اعتراف میں اے پی ایم پی 100 آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے دیا گیا۔ ایشیا پیسیفک خطے اور عرب سینٹر سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز میں معیز فاروق واحد شریک تھے جن کو آؤٹ سٹینڈنگ پارٹیسپنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ، یہ پروگرام کا سب سے نمایاں اور اعلیٰ اعزاز ہے جو صرف ایک ہی شریک کو دیا گیا۔اتحاد میڈیا گروپ کے مطابق معیز فاروق کو سرٹیفکیٹ آف آنر شِنہوا نیوز ایجنسی کے فارن افیئرز بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل جی مینگ نے اختتامی تقریب کے دوران پیش کیا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے معیز فاروق نے کہا کہ یہ اعزاز نہ صرف میرے لیے ذاتی اعزاز ہے بلکہ پاکستان اور پاکستانی صحافت کے لیے بھی باعث فخر ہے۔ انہوں نے شِنہوا اور اے پی ایم پی 100 کی آرگنائزنگ کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام نے مختلف ممالک کے صحافیوں کو ایک دوسرے سے سیکھنے، خیالات کے تبادلے اور مصنوعی ذہانت کے دور میں صحافت کے مستقبل کو بہتر طور پر سمجھنے کا بہترین موقع فراہم کیا۔شِنہوا کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی پروگرام میں ایشیا پیسیفک خطے اور عرب سینٹر سے تعلق رکھنے والے 30 سے زائد صحافیوں اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران شرکا نے مصنوعی ذہانت، میڈیا کی ڈیجیٹل تبدیلی، جدید صحافت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پر لیکچرز میں شرکت کی جبکہ جے ڈی ڈاٹ کام اور بیجنگ روبوٹکس انوویشن سینٹر سمیت چین کے جدید ٹیکنالوجی اداروں کے مطالعاتی دورے بھی کیے۔اختتامی تقریب میں دیگر مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکا کو بھی اعزازات سے نوازا گیا جن میں دی فلپائن سٹار کی جینیل پسٹا لورزانو ، ملائیشین نیشنل نیوز ایجنسی کی سیتی زیناریہ نور زین، رائزنگ بنگلہ دیش کی ایسمین اختر اور دیگر بین الاقوامی میڈیا نمائندگان شامل تھے۔معیز فاروق کو پروگرام کا واحد آؤٹ سٹینڈنگ پارٹیسپنٹ ایوارڈ ملنا نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، محنت اور قائدانہ کردار کا اعتراف ہے بلکہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پاکستانی صحافی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔