شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک مزید قریبی تعاون کو فروغ دیں گے ، چینی وزیر خا رجہ

چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی

بشکیک ۔25جولائی (اے پی پی):چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای نے کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ، شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل اور علاقائی انسدادِ دہشت گردی ادارے کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔سی جی ٹی این کے مطابق ا س موقع پر وانگ ای نے اپنے خطاب میں کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تھیان جن سربراہی اجلاس میں آئندہ دس برسوں کی ترقی کے لیے اسٹریٹجک منصوبہ بندی کی گئی، جس کے ساتھ تنظیم اعلیٰ معیار کی ترقی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال شنگھائی تعاون تنظیم کے قیام کی 25ویں سالگرہ ہے۔ تنظیم نے اپنے ابتدائی دور میں چھ ممالک کے درمیان سرحدی علاقوں میں عسکری اعتماد سازی اور "تین قوتوں” کے خلاف تعاون سے آغاز کیا تھا، جبکہ آج 27 ممالک اور دنیا کی تقریباً نصف آبادی 50 سے زائد شعبوں میں باہمی تعاون کر رہی ہے، جس سے نئے طرز کے بین الاقوامی تعلقات اور کثیرالجہتی تعاون کی راہ مزید وسیع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دس سال کی ترقیاتی حکمتِ عملی میں واضح کیا گیا ہے کہ رکن ممالک مزید قریبی تعاون کو فروغ دیں گے تاکہ زیادہ جمہوری اور منصفانہ کثیر قطبی دنیا کے قیام میں مزید مؤثر کردار ادا کیا جا سکے۔