ضلعی انتظامیہ خانیوال نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی الرٹ جاری کر دیا

ضلعی انتظامیہ خانیوال نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی الرٹ جاری کر دیا۔ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے ہیڈ سدھنائی اور مائی صفورا بند کے بریچنگ سیکشن کا دورہ کیا

خانیوال ۔ 25 جولائی (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ خانیوال نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی الرٹ جاری کر دیا۔ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے ہیڈ سدھنائی اور مائی صفورا بند کے بریچنگ سیکشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ ایریگیشن کے حکام سے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل عباس،اسسٹنٹ کمشنر محمد ہارون بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے مائی صفورا بند کے بریچنگ سیکشن اور فلڈ بند کا معائنہ کیا، حفاظتی اقدامات اور بند کی مضبوطی کا جائزہ لیا، جبکہ ہیڈ سدھنائی پر واقع ریلوے پل کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے محکمہ ایریگیشن، تحصیل انتظامیہ کبیر والا، ریسکیو 1122، محکمہ مال اور دیگر متعلقہ محکموں کو مکمل طور پر متحرک رہنے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ہیڈ سدھنائی پر فلڈ تیاریوں سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فلڈ بندوں کی مضبوطی، تجاوزات کا مکمل خاتمہ اور حفاظتی انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں