معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کامائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے لیے مضبوط، مسابقتی اور سازگار کاروباری ماحول کی تشکیل کے عزم کا اعادہ

"حکومت مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے لیے مضبوط، مسابقتی اور سازگار کاروباری ماحول کی تشکیل کے لیے پُرعزم ہے۔” — ہارون اختر خان

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):وزیراعظم معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کے لیے مضبوط، مسابقتی اور سازگار کاروباری ماحول کی تشکیل کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق لاہور ایکسپو سینٹر میں 24 سے 26 جولائی تک جاری ’’ایکسپو فیصل آباد 2026‘‘سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایم ای سیکٹر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے پائیدار معاشی ترقی، صنعتی فروغ اور برآمدات میں اضافے کے وژن کا بنیادی ستون ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو اپنی عسکری صلاحیت کا بھرپور مظاہرہ کر دکھایا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی معاشی مضبوطی، استحکام اور ترقی کا بھی عملی ثبوت پیش کریں۔انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے اس شاندار نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد پاکستان کا صنعتی اور ٹیکسٹائل کا مرکز ہے، جو ملکی برآمدات اور مینوفیکچرنگ کے شعبے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایکسپو فیصل آباد جیسے پلیٹ فارم کاروباری افراد کو اپنی مصنوعات کی نمائش، نئے کاروباری روابط قائم کرنے اور نئی منڈیوں تک رسائی کے قیمتی مواقع فراہم کرتے ہیں۔وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ حکومت نے کاروباری شعبے کو مالی سہولیات تک بہتر رسائی، کاروباروں کی باضابطہ رجسٹریشن، برآمدات کے فروغ اور ایسا سازگار ماحول فراہم کرنے پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے جہاں کاروباری افراد جدت، سرمایہ کاری اور اپنے کاروبار کی توسیع کے مواقع حاصل کر سکیں۔انہوں نے کاروباری برادری کے ساتھ سمیڈا کے فعال رابطوں اور ملک بھر میں نمائشوں اور آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے کاروباری افراد کو حکومتی معاونتی پروگراموں سے منسلک کرنے کی کاوشوں کو بھی سراہا۔اس سے قبل چیف ایگزیکٹو آفیسر سمیڈا نادیہ جہانگیر سیٹھ نے کہا کہ سمیڈا کاروباری افراد کی معاونت کے لیے تزویراتی شراکت داریوں اور مارکیٹ پر مبنی اقدامات کے ذریعے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں انجام دینے کے لیے پرعزم ہے۔سمیڈا نے نمائش میں ایک خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیا ہے جہاں کاروباری افراد اور مہمانوں کو ادارے کے نمایاں اقدامات، حکومتی معاونتی پروگراموں اور کاروباری ترقی کی خدمات سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ ہیلپ ڈیسک کے ذریعے غیر رسمی کاروباروں کی ایس ایم ای رجسٹریشن پورٹل پر مفت رجسٹریشن بھی کی جا رہی ہے، جس سے کاروباروں کو باضابطہ حیثیت اختیار کرنے اور ترقی، مالی سہولیات اور مارکیٹ تک بہتر رسائی کے مواقع سے استفادہ کرنے میں مدد ملے گی۔اپنے استعداد کار بڑھانے کے پروگرام کے تحت سمیڈا ’’ایس ایم ایز کے لیے مارکیٹنگ حکمتِ عملیاں‘‘ اور ’’برآمدی منڈیوں کے لیے مصنوعات کے معیار میں بہتری‘‘ کے موضوعات پر تربیتی سیشنز بھی منعقد کر رہی ہے، تاکہ کاروباری افراد کو اپنی مسابقتی صلاحیت بڑھانے اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں میں مؤثر موجودگی یقینی بنانے کے لیے عملی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔