صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت کا شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ،نکاسی آب کا جائزہ لیا

"مون سون بارش کے دوران نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی بروقت نکاسی اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام ادارے متحرک ہیں۔” — صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ

سیالکوٹ۔ 25 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور خواجہ سلطان ٹیپو کے ہمراہ مون سون بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا ہنگامی دورہ کیا اور نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کے نکاس کے لیے واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی (واسا) سیالکوٹ کی جانب سے جاری آپریشن کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایم ڈی واسا فیصل شہزاد نے صوبائی وزیر کو نکاسی آب کے انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیالکوٹ شہر میں مون سون کی بارشوں کا مسلسل چوتھا روز ہے اور شدید بارش کے دوران بھی واسا کا عملہ فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب کا کام انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جدید مشینری اور پمپنگ اسٹیشنوں کی مدد سے چند گھنٹوں کے اندر بارشی پانی کا نکاس ممکن بنایا جا رہا ہے جبکہ اس وقت شہر میں پمپنگ اسٹیشنوں اور ڈی واٹرنگ مشینوں کی مجموعی استعداد 355 کیوسک تک پہنچ چکی ہے۔صوبائی وزیرمحمد منشاء اللہ بٹ نے واسا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بارش کے دوران ہی نکاسی آب کے لیے جاری کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا واسا کے قیام کا بنیادی مقصد شہریوں کو معیاری میونسپل سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید مشینری، مؤثر منصوبہ بندی اور خلوصِ نیت سے انسانی وسائل کے بہترین استعمال کے باعث تاریخ میں پہلی مرتبہ بارشی پانی کا تیز ترین نکاس ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی تمام تر کوششوں کا مقصد شہریوں کے لیے آسانیاں پیدا کرنا ہے تاکہ وہ مشکلات جن کا ماضی میں مون سون کے دوران سامنا کرنا پڑتا تھا، ان کا مؤثر حل فراہم کیا جا سکے۔رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام نے بھی واسا کی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور بارشی پانی کے فوری نکاس کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔