"مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں میں نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔” — بلال فاروق تارڑ
بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ایم این اے بلال فاروق تارڑ کا ایم ڈی واسا کے ہمراہ شہر کا دورہ

مزید خبریں
وزیرآباد۔ 25 جولائی (اے پی پی):مون سون کی حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر رکن قومی اسمبلی بلال فاروق تارڑ نے ایم ڈی واسا علی حسنین، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی الفت شہزاد اور سب انجینئر عابد باجوہ کے ہمراہ شہر کے مختلف نشیبی علاقوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر بارش کے پانی کی نکاسی، ڈسپوزل اسٹیشنز، نالوں اور سیوریج نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ایم این اے بلال فاروق تارڑ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی سے بچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی بروقت نکاسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ایم ڈی واسا علی حسنین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ واسا کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور بارش کے دوران اور بعد میں نکاسی آب کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی الفت شہزاد نے کہا کہ میونسپل عملہ بھی واسا کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے صفائی اور نکاسی آب کے اقدامات میں مصروف ہے۔ایم این اے بلال فاروق تارڑ نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، تمام ادارے باہمی رابطے کے ساتھ کام کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے








