حویلی، فیصل ممتاز راٹھور کا یونین کونسل کلالی اور یونین کونسل دیگوار اور فتح پور کا انتخابی دورہ

"عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرنے کے لیے عوام سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔” — فیصل ممتاز راٹھور

حویلی۔25جولائی (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار قانون ساز اسمبلی ایل اے 17 حویلی فیصل ممتاز راٹھور نے یونین کونسل کلالی اور یونین کونسل دیگوار اور فتح پور کا انتخابی دورہ کیا،

جہاں مختلف برادریوں اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والےافراد نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔یہاں جاری بیان کے مطابق اس موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کی سیاست کو ووٹ دیں گے۔ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ ان کی حکومت نے مختصر عرصے میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں، صحت، تعلیم، انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ گھر گھر جا کر پارٹی کا پیغام پہنچائیں اور انتخابی مہم کو مزید مؤثر بنائیں۔تقریب سے مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حلقے میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔