"پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور باہمی تعاون کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔”
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے سری لنکا کے قونصل جنرل کی ملاقات، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال

مزید خبریں
کراچی۔ 25 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی سے سری لنکا کے قونصل جنرل سنیوا پٹی ویلا (Sanieewa Pattiwila)نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی اورپاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔
ہفتہ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں، جنہیں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سرمایہ کاری، تجارت، سیاحت اور مشترکہ منصوبوں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے سری لنکا کے سرمایہ کار بھرپور استفادہ کر سکتے ہیں۔گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان باہمی تجارتی حجم میں مزید اضافے کے روشن امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی سری لنکا کو برآمدات میں اضافہ دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل، چاول، ادویات، کھیلوں کا سامان اور زرعی مصنوعات پاکستان کی سری لنکا کو اہم برآمدات ہیں اور پاکستان کی معیاری مصنوعات سری لنکا کی منڈی میں مزید جگہ بنا سکتی ہیں۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے، کاروباری برادری کے درمیان روابط بڑھانے اور باہمی تعلقات کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا۔








