"سری لنکا نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان ویمنز ٹیم کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی، فیصلہ کن میچ 28 جولائی کو کھیلا جائے گا۔”
سری لنکا نے پاکستان ویمنز ٹیم کو آٹھ وکٹوں سے ہرادیا، سیریز ایک، ایک سے برابر

مزید خبریں
لاہور۔25جولائی (اے پی پی):سری لنکا نے پاکستان ویمنز ٹیم کو دوسرے ایک روزہ میچ میں آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی، یوں اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا فیصلہ کن مقابلہ28 جولائی کو کھیلا جائے گا۔
پاکستان کی جانب سے سدرا امین کی ناقابل شکست شاندار سنچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی، جبکہ سری لنکا کی وشمی گوناتنے اور ہرشیتھا سماراوکراما نے ریکارڈ ڈبل سنچری شراکت قائم کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو یادگار فتح دلا دی۔مہندا راجا پاکسے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی کپتان چماری اتھاپاتھو نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے۔ سدرا امین نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 120 گیندوں پر اپنی ساتویں ون ڈے سنچری مکمل کی اور آخر تک ناٹ آئوٹ رہیں۔ انہوں نے مختلف شراکتوں کے ذریعے ٹیم کی اننگز کو سنبھالا۔ پاکستان کو ابتدا میں صدف شمس کے رن آئوٹ ہونے سے نقصان اٹھانا پڑا، تاہم گزشتہ میچ کی ہیرو گل فیروزہ نے 27 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد سدرا امین اور عائشہ ظفر نے تیسری وکٹ کے لیے 78 رنز جوڑے۔ عائشہ ظفر نصف سنچری سے صرف ایک رن پہلے 49 رنز بنا کر آئوٹ ہوئیں، ان کی اننگز میں پانچ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔بعد ازاں منیبہ علی نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 45 رنز بنائے اور سدرا امین کے ساتھ 88 رنز کی اہم شراکت قائم کی، تاہم وہ بھی اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکیں۔ آخری اوورز میں کپتان فاطمہ ثنا نے صرف 18 گیندوں پر 25 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پاکستان کا مجموعہ 273 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیاجبکہ نجیحہ علوی 8 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کو ابتدا ہی میں بڑا دھچکا اس وقت لگا جب کپتان چماری اتھاپاتھو صرف ایک رن بنا کر فاطمہ ثنا کی گیند پر نجیحہ علوی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئیں، تاہم اس کے بعد وشمی گوناتنے اور ہرشیتھا سماراوکراما نے پاکستانی بائولرز کو کوئی موقع نہ دیا۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 203 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی جو سری لنکا کی ویمنز ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی شراکت بھی ہے۔وشمی گوناتنے نے 123 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ ہرشیتھا سماراوکراما 100 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہیں۔ کاویشا دلہاری نے بھی ناقابل شکست 40 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے ہرشیتھا کے ساتھ 52 رنز کی شراکت قائم کی اور سری لنکا نے ہدف 47ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔وشمی گوناتنے کو شاندار سنچری پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ تین میچوں کی سیریز ایک، ایک سے برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان فیصلہ کن مقابلہ 28 جولائی کو کھیلا جائے گا۔








