ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کا بارش کے دوران شہر کا دورہ،واسا و ستھرا پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لیا

"شدید بارش کے دوران نشیبی علاقوں سے بارشی پانی کی بروقت نکاسی اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے متحرک ہیں۔” — ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

سیالکوٹ۔ 25 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے صبح ساڑھے آٹھ بجے سے جاری شدید بارش کے دوران شہر کے مختلف نشیبی علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور بارشی پانی کی نکاسی کے انتظامات کا موقع پر جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے شہاب پورہ، عالم چوک، ماڈل ٹاؤن، خادم علی روڈ، دارا آرائیاں سمیت دیگر نشیبی علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل شہزاد اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی رانا صفدر شبیر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے بتایا کہ شہر میں صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام تک اوسطاً 86 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق بارش کے دوران واسا اور ستھرا پنجاب پروگرام کی تمام ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں اور نکاسیٔ آب کے عمل کی نگرانی جاری رکھی گئی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ عرصے کے مقابلے میں سیالکوٹ میں کھڑے بارشی پانی کے نکاس کے وقت میں 80 فیصد سے زائد کمی لائی گئی ہے، جبکہ واسا ایک سے دو گھنٹے کے اندر بارشی پانی کی نکاسی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ واسا کے تمام ڈسپوزل اسٹیشن مکمل طور پر فعال ہیں اور لوڈشیڈنگ کی صورت میں بلا تعطل آپریشن جاری رکھنے کے لیے جنریٹرز کا بھی مؤثر انتظام موجود ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شکایت کی صورت میں ضلعی انتظامیہ کے ایمرجنسی کنٹرول روم سے 1718 پر رابطہ کریں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔