"پاکستان اور فلسطین کے درمیان تعلیمی تعاون، باہمی روابط اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔”
فلسطینی سفیر کا یو ایم ٹی کا دورہ،چیئرمین یو ایم ٹی سے ملاقات کی ، تعلیم و تحقیق کے فروغ پر تبادلہ خیال

مزید خبریں
لاہور۔25جولائی (اے پی پی):فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زہیر محمد حمداللہ زید نے یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیئرمین و صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد سے ملاقات کی۔
اس موقع پر تعلیم، تحقیق، باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور فلسطین کے درمیان تعلیمی روابط کے فروغ سمیت مشترکہ تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنمائو ں نے پاکستان اور فلسطین کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فلسطینی طلبہ کے لیے اعلی تعلیمی مواقع، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، فیکلٹی اور طلبہ کے علمی تبادلوں و ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ یو ایم ٹی فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے ، فلسطینی طلبہ کے لیے معیاری تعلیم، تحقیق اور علمی تعاون کے فروغ میں اپنا فعال کردار جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم قوموں کو قریب لانے، پائیدار امن کے فروغ اور مشترکہ ترقی کی مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زہیر محمد حمداللہ زید نے یو ایم ٹی میں فراہم کی جانے والی معیاری تعلیم، تحقیقی سرگرمیوں، بین الاقوامی اشتراک، اختراع پر مبنی ماحول اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی ادارے باصلاحیت اور ذمہ دار قیادت کی تیاری میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔فلسطینی سفیر نے یو ایم ٹی کی شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیا اور پودا لگا کر ماحول کے تحفظ، امن، دوستی اور پائیدار مستقبل کے فروغ کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔ملاقات کے اختتام پر چیئرمین و صدر یو ایم ٹی نے فلسطینی سفیر کو سووینئر پیش کیا۔








