صوبائی وزیر محمد علی ملکانی کی سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور چین کے ماڈرن بائیولوجی گروپ کے وفد کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے میں شرکت

"سندھ میں لائیو اسٹاک، فشریز اور حیاتیاتی شعبوں میں سرمایہ کاری اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات پر زور دیا گیا۔”

کراچی۔ 25 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر لائیو اسٹاک و فشریز سندھ محمد علی ملکانی نے کراچی کے مقامی ہوٹل میں سینئر سیاستدان و سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور چین کے ماڈرن بائیولوجی گروپ کے وفد کے اعزاز میں منعقدہ ظہرانے میں شرکت کی۔

ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں سیکرٹری لائیو اسٹاک و فشریز ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی اور ڈائریکٹر جنرل سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ ڈاکٹر نذیر حسین کلہوڑو سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔ظہرانے کے موقع پر لائیو اسٹاک و فشریز ڈیپارٹمنٹ، حکومتِ سندھ اور چینی فریق کے درمیان سندھ میں لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی کے لیے طے پانے والے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر عملدرآمد اور اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔چینی وفد نے اپنے دورہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف اینیمل ہیلتھ کراچی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے ادارے کی کارکردگی، جدید سہولیات اور تکنیکی صلاحیتوں کو انتہائی متاثر کن اور قابلِ تعریف قرار دیا۔اس موقع پرصوبائی وزیر لائیو اسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی نے محکمہ کی جانب سے مال مویشی پالنے والوں کو مفت فراہم کی جانے والی مختلف خدمات اور سہولیات کے حوالے سے وفد کو آگاہ کیا۔انہوں نے سندھ میں لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی، جانوروں کی صحت کے تحفظ اور بیماریوں کی روک تھام کے لیے محکمہ کی جانب سے مستقبل کے ویکسینیشن پلان پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر سندھ میں لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سندھ حکومت اور چین کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔