لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں آج بھی بادل برسیں گے،27 جولائی تک بارشوں کے امکانات ہیں، لاہور میں گزشتہ5 روز کے دوران مجموعی طور پر450 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی
لاہور ،گزشتہ5 روز کے دوران مجموعی طور پر 450 ملی میٹر بارش ریکارڈ

مزید خبریں
لاہور۔26جولائی (اے پی پی):لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں آج بھی بادل برسیں گے،27 جولائی تک بارشوں کے امکانات ہیں، لاہور میں گزشتہ5 روز کے دوران مجموعی طور پر450 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں نورپور تھل میں115 ملی میٹر، گوجرانولہ 107، گجرات94 نارووال 68، منڈی بہاوالدین 65 ، سیالکوٹ ایئرپورٹ 52، اوکاڑہ 46 ،جوہرآباد40 ، سرگودھا38 ،لاہور 37، منگلا 37، جہلم 32، شیخو پورہ 28، حافظ آباد اور قصور 27، چکوال 20، بہاولنگر18 اور خانیوال میں16 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، اٹک ، مری اور بہاولپور میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز الرٹ ہیں۔ بارشوں کا تیسرا سپیل27 جولائی تک جاری رہے گا، موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں کے ندی، نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، طوفانی بارش سے مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ سیاح اور مسافر پیشنگوئی کی مدت کے دوران انتہائی محتاط رہیں۔ تیز بارش اور آندھی مخدوش و کچے مکانات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ شہری موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر عباس میلہ نے متعلقہ اضلاع کو عملہ اور مشینری ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ واسا ، میونسپل ادارے نشیبی علاقوں میں پانی ہرگز کھڑا نہ ہونے دیں، بارش کے دوران متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں سرگرمیوں کی نگرانی کریں،شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔








