او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) نے پاکستان میں تعینات آذربائیجان اور قازقستان کے سبکدوش ہونے والے سفیروں کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا
کامسٹیک کی جانب سے آذربائیجان اور قازقستان کے سبکدوش سفیروں کے اعزاز میں تقریب

مزید خبریں
اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):او آئی سی کی وزارتی قائمہ کمیٹی برائے سائنسی و تکنیکی تعاون (کامسٹیک) نے پاکستان میں تعینات آذربائیجان اور قازقستان کے سبکدوش ہونے والے سفیروں کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا جن میں پاکستان اور دونوں ممالک کے درمیان سائنس، ٹیکنالوجی، اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کامسٹیک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب میں ڈین آف ڈپلومیٹک کور اور ترکمانستان کے سفیر، مختلف ممالک کے سفرا جن میں روانڈا، تھائی لینڈ، بوسنیا، ماریشس، تاجکستان، جمہوریہ قبرص، یمن، نیپال سمیت دیگر ممالک کے سفارتکار جن میں اردن، ملایئشیا، برطانیہ، ایران، بنگلہ دیش، وائس چانسلرز، سائنسدانوں اور سرکاری حکام نے شرکت کی۔کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان سائنسی تعاون کو نئی جہت دی۔ ان کے دور میں او آئی سی-15 ڈائیلاگ پلیٹ فارم، گلوبل الفارابی فورم، الفارابی۔اقبال فورم، پاکستان۔قازقستان الومنائی فورم، فوڈ سکیورٹی فیلوشپس اور مصنوعی ذہانت، بائیو سکیورٹی اور موسمیاتی تبدیلی سمیت متعدد مشترکہ پروگرام شروع ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان کی کامسٹیک کنسورشیم آف ایکسی لینس میں شمولیت اور جامعات کے درمیان روابط بھی نمایاں پیش رفت ہے۔انہوں نے آذربائیجان کے سفیر خضر نادر فرہادوف کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے آذربائیجان اور کامسٹیک کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملا۔ انہوں نے حالیہ دنوں آذربائیجان کے انسٹی ٹیوٹ آف باٹنی کے اعلیٰ سطحی وفد کے دورہہ کامسٹیک اور آذربائیجان کی جامعات کے ساتھ بڑھتے ہوئے روابط کو دونوں ممالک کے سائنسی تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا۔ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ سائنس ڈپلومیسی مسلم دنیا میں پائیدار ترقی، تحقیق اور اختراع کے فروغ کا موثر ذریعہ بن چکی ہے اور کامسٹیک او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان مشترکہ تحقیق، تعلیمی تبادلوں اور استعداد کار بڑھانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔اس موقع پر دونوں سفیروں کو کامسٹیک کے ساتھ سائنسی و تعلیمی تعاون کے فروغ میں نمایاں خدمات پر تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔آذربائیجان اور قازقستان کے سفیروں نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کامسٹیک نے او آئی سی ممالک میں سائنس، ٹیکنالوجی، اعلیٰ تعلیم اور استعداد کار بڑھانے کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں اور مستقبل میں بھی ان کے ممالک کا ادارے کے ساتھ تعاون مزید مضبوط ہوگا۔








