پی سی بی کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی میں پروموشن اور ریلیگیشن کا نظام متعارف کرانا ملکی فرسٹ کلاس کرکٹ کو معیاری بنانے کے لئے اہم پیش رفت ہے،صبیح اظہر

سابق کوچ اور فرسٹ کلاس کرکٹر صبیح اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی میں گولڈ اور سلور گروپس کے ساتھ پروموشن اور ریلیگیشن کا نظام متعارف کرانا ملکی فرسٹ کلاس کرکٹ کو مزید مضبوط، معیاری اور مسابقتی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے

راولپنڈی۔26جولائی (اے پی پی):سابق کوچ اور فرسٹ کلاس کرکٹر صبیح اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے قائد اعظم ٹرافی میں گولڈ اور سلور گروپس کے ساتھ پروموشن اور ریلیگیشن کا نظام متعارف کرانا ملکی فرسٹ کلاس کرکٹ کو مزید مضبوط، معیاری اور مسابقتی بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے صبیح اظہر نے کہا کہ نئے فارمیٹ کے تحت ہر سیزن کے اختتام پر گولڈ گروپ کی دو کم ترین کارکردگی دکھانے والی ٹیمیں سلور گروپ میں چلی جائیں گی جبکہ سلور گروپ کی دو بہترین ٹیمیں گولڈ گروپ میں ترقی حاصل کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام دنیا کی کامیاب کرکٹ اور دیگر کھیلوں کی لیگز میں مقابلے کے معیار کو بلند رکھنے کا موثر ذریعہ ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فارمیٹ کے نفاذ سے قائد اعظم ٹرافی کا کوئی بھی میچ غیر اہم نہیں رہے گا۔ گولڈ گروپ کی ٹیمیں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے اور سلور گروپ کی ٹیمیں اعلیٰ گروپ میں جگہ بنانے کے لیے ہر میچ میں بھرپور کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گی جس سے مقابلے مزید سخت، دلچسپ اور اعلیٰ معیار کے ہوں گے۔ صبیح اظہر نے کہا کہ مسلسل مسابقتی ماحول کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی، دباؤ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت اور پیشہ ورانہ سوچ کو فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی ماحول مستقبل میں ایسے کرکٹرز تیار کرنے میں مددگار ثابت ہو گا جو بین الاقوامی سطح پر درپیش دباؤ کا کامیابی سے سامنا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نظام ڈومیسٹک کرکٹ میں میرٹ اور شفافیت کو بھی فروغ دے گا کیونکہ ہر ٹیم کو ہر سیزن میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اپنی پوزیشن برقرار رکھنا ہو گی جبکہ کمزور ٹیموں کو بھی بہتر کھیل پیش کر کے ترقی کا مساوی موقع ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اگر اس نظام کو تسلسل، شفافیت اور میرٹ کے ساتھ نافذ رکھا گیا تو قائد اعظم ٹرافی کا معیار مزید بلند ہو گا، نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے بہتر مواقع ملیں گے اور پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ پہلے سے زیادہ مضبوط، متوازن اور مسابقتی بن کر سامنے آئے گی۔