امریکی کانگریس کے ارکان ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر کا پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا دورہ

"امریکی کانگریس کے ارکان نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا دورہ کر کے جدید سیکیورٹی، نگرانی اور عوامی تحفظ کے نظام میں دلچسپی کا اظہار کیا۔”

لاہور۔26جولائی (اے پی پی):امریکی کانگریس کے ارکان ریان زنکے اور مائیکل بامگارٹنر نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا دورہ کیا ۔ آمد پر امریکی وفد کا استقبال منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی محمد احسن یونس نے کیا۔

اتوار کو جاری بیان کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر محمد احسن یونس اور چیف آپریٹنگ آفیسر مستنصر فیروز نے وفد کو بریفنگ دی۔ وفد کو پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی ذمہ داریوں، آپریشنل صلاحیتوں اور اہم کامیابیوں سے آگاہ کیا گیا۔وفد کو مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید نظام اور حالیہ اپ گریڈز پر بھی بریفنگ دی گئی ۔واضح رہے کہ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی ہزاروں جدید کیمروں سے پنجاب بھر کے اہم مقامات کی نگرانی کر رہی ہے۔وفد کو پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے قریبی تعاون پر بریفنگ دی گئی ۔شہریوں کے لیے جرائم اور مشتبہ سرگرمیوں کی براہِ راست رپورٹنگ کے نظام سے بھی وفد کو آگاہ کیا گیا۔ امریکی کانگریسی وفد کا دورہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ کا تسلسل ہے۔