میرپور ڈویژن کے عوام آج تیر کے نشان پر مہر لگا کر کشمیر کی ترقی ،خوشحالی اور امن کو ووٹ دیں۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری

"میرپور ڈویژن کے عوام تیر کے نشان پر مہر لگا کر کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور امن کو ووٹ دیں، آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔” — بلاول بھٹو زرداری

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ​میرپور ڈویژن کے عوام آج تیر کے نشان پر مہر لگا کر کشمیر کی ترقی ،خوشحالی اور امن کو ووٹ دیں۔27 جولائی میرپور ڈویژن میں انتخابات کے پہلے مرحلے کے سلسلے میں اپنے خصوصی پیغام میں چیئرمین نے کہا کہ آزادجموں و کشمیر کے عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

​انہوں نے کہا کہ میرپور کے عوام نے منگلا ڈیم کے لیے اپنی زمینیں اور گھر قربان کئے اور ان کی اسی قربانی سے پورا پاکستان روشن ہوا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں نے اپنی محنت اور ترسیلاتِ زر سے پاکستان کی معیشت کو مضبوط کیا ہے۔ جب بھی پاکستان کو مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا، میرپور کے لوگ ہمیشہ سب سے آگے رہے۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس چمن پر کشمیریوں کا پورا حق نہیں،اس کے وسائل، فیصلوں اور مستقبل پر یہاں کے عوام کا برابر کا حق ہے۔ موجودہ بحران اور کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ٹرتھ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن تشکیل دیا جائے ۔ ایک ایسا فورم یا کمیشن بنایا جائے جہاں ہر سچ سامنے آئے، ہر شکایت سنی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف ملے،خواہ وہ جان گنوانے والا کوئی عام شہری ہو، پولیس افسر ہو یا کوئی سکیورٹی جوان۔ اس سے عوام کو روزمرہ کی مشکلات سے نجات ملے گی اور زندگی معمول پر واپس آ سکے گی۔ اس مقصد کے لیے فنڈ بھی فوری فراہم کیا جائے۔ ڈویژن کے عوام ’’تیر‘‘ پر مہر لگائیں تاکہ پارٹی کو مضبوط پارلیمانی مینڈیٹ دیا جا سکے، یہ ووٹ صرف طاقت کی سیاست کا نہیں بلکہ میرپور ڈویژن اور آزاد جموں و کشمیر کے حقوق، سچ، انصاف اور امن کا مطالبہ ہوگا۔