پاکستان بھارتی وزیرِ دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے ،وزیردفاع

وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی وزیرِ دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے ،بھارت کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات اس کے ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے ریکارڈ کے باعث ناقابلِ اعتبار ہیں۔

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی وزیرِ دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے ،بھارت کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات اس کے ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے ریکارڈ کے باعث ناقابلِ اعتبار ہیں۔

جموں و کشمیرسے متعلق گمراہ کن اور جھوٹے بھارتی بیانیہ پر شدیدردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پراپنےبیان میں کہا کہ بھارت سیاسی پروپیگنڈے کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ قانونی حقائق کو مسخ نہیں کر سکتا، پاکستان بھارتی وزیرِ دفاع کے غیر ذمہ دارانہ بیانات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتا ہے،ایسے بیانات قانونی حقائق کو سیاسی پروپیگنڈے اور دھونس کے ذریعے مسخ کرنے کی ایک اور ناکام بھارتی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ گمراہ کن بھارتی بیانات نہ تو جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرسکتے ہیں اور نہ خطہ کے امن میں کوئی کردار ادا کرسکتےہیں۔ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات اس کے ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کے ریکارڈ کے باعث ناقابلِ اعتبار ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ بھارت جنوبی ایشیا میں دہشتگردی کی سب سے بڑی سرپرست ریاست اور عدم استحکام کا بنیادی محرک ہے۔ بھارت اپنے جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم کے ذریعے پورے خطے کو یرغمال بنائے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی غیر ذمہ دارانہ بیان بازی خطے میں بین الریاستی تصادم کی شدت اور خطرات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔ پاکستان امن اور مذاکرات کی اپنی پالیسی پر قائم ہے۔ پاکستان کا اپنی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے عزم غیر متزلزل ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیرِ دفاع کے حالیہ بیانات ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی بحران اور مودی حکومت کیخلاف عوامی بے چینی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔