نشانِ حیدر کا پہلا اعزاز پانے والے بہادر سپوت کیپٹن محمد سرور شہید کا 78 واں یوم شہادت پیر کو منایا گیا
کیپٹن محمد سرور شہید کا 78 واں یوم شہادت پیر کو منایا گیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):نشانِ حیدر کا پہلا اعزاز پانے والے بہادر سپوت کیپٹن محمد سرور شہید کا 78 واں یوم شہادت پیر کو منایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی عسکری تاریخ قربانیوں، ایثار اور شجاعت کی بے شمار داستانوں سے مزین ہے، کیپٹن محمد سرورنے مادرِ وطن کے دفاع کیلئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے آنے والی نسلوں کے لیے جرات، استقامت اور وطن سے بے لوث محبت کی مثال قائم کی، 27جولائی 1948کو کشمیرکے محاذ پر شہید ہونے والے کیپٹن محمد سرور کا 78واں یوم شہادت منایا گیا، کیپٹن محمد سرور شہید پاکستان کے پہلے نشانِ حیدر کا اعزاز حاصل کرنے والے عظیم سپوت ہیں، قیام پاکستان کے بعد کیپٹن محمد سرور نے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی، کیپٹن محمد سرور نے 1948ء کی کشمیر جنگ کے دوران دشمن کے مضبوط مورچوں پر حملے کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا، کشمیر آپریشن پر مامور کیپٹن محمد سرور پنجاب رجمنٹ کے سیکنڈ بٹالین میں بطورکمپنی کمانڈر کے عہدے پرتعینات تھے ، کیپٹن محمد سرور نے 27 جولائی 1948 کو کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں دشمن کی اہم فوجی پوزیشن پرحملہ کیا، اس دلیرانہ حملے کے دوران دشمن کو اپنی چوکی چھوڑ کر بھاگنا پڑا، اس حملے میں کئی جوان شہید اور زخمی ہوئے لیکن کیپٹن محمد سرور نے پیش قدمی جاری رکھی، شدید مزاحمت اور مسلسل فائرنگ کے باوجود کیپٹن محمد سرور نے اپنے ساتھیوں کا حوصلہ بلند رکھا ، دشمن کے اہم دفاعی حصار کو توڑنے کی کوشش کےدوران ایک گولی کپٹن سرور کے سینے میں لگی اور آپ نے جام شہادت نوش کیا، بہادری کی بے مثال تاریخ رقم کرنے کے اعتراف میں کیپٹن محمد سرور شہید کو پاکستان کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز "نشانِ حیدر” سے نوازا گیا، یہ اعزاز نہ صرف ان کی بہادری کا اعتراف ہے بلکہ پوری قوم کے لیے پیغام ہے کہ وطن کی خاطر دی جانے والی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جاتیں، کیپٹن محمد سرور شہید کی زندگی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے








