اگست کے دوران مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے،سعودی حکام

سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے کہا ہے کہ اگست کے دوران مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے

ریاض ۔28جولائی (اے پی پی):سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات نے کہا ہے کہ اگست کے دوران مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔اردو نیوز کے مطابق یہ بات سعودی عرب کے قومی مرکز برائے موسمیات کے ترجمان حسین القحطانی نے ایک بیان میں کہی۔انہوں نے کہا ہے کہ اگست جو موسم گرما کا آخری مہینہ ہے، کے دوران مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ ترجمان نے کہا کہ موسمیاتی پیشگوئیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ موسم گرما برقرار رہنے کے باعث مملکت کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جازان اور الباحہ کے ساتھ تبوک، مدینہ منورہ ، مکہ مکرمہ ، عسیر، نجران اور الشرقیہ ریجن کے علاقوں میں بارشیں معمول سے کم رہنے کا امکان ہے جبکہ مملکت کے بالائی علاقوں میں معمول کے مطابق بارش متوقع ہے۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ قومی مرکز سے جاری کردہ موسمیاتی پیشگوئیوں اور ہدایات پر عمل کریں خصوصا اس لیے کہ اگست کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔یاد رہے کہ سعودی عرب کے کئی علاقے ان دنوں گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہیں۔