اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ، یہ کارروائیاں ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتی ہیں
لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے شہریوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، اقوام متحدہ

مزید خبریں
بیروت ۔28جولائی (اے پی پی):اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا ہے کہ لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ، یہ کارروائیاں ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتی ہیں۔لبنان میں اپنے چار روزہ سرکاری دورے کے اختتام پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وولکر ترک نے کہا کہ ان کے دفتر نے بین الاقوامی انسانی قانون کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کو دستاویزی شکل دی ہے جن میں سے بعض ممکنہ طور پر جنگی جرائم کے مترادف ہیں۔اقوامِ متحدہ کے اطلاعاتی مرکز سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں، گولہ باری اور گنجان آباد علاقوں میں دھماکا خیز ہتھیاروں کے استعمال کے باعث شہریوں کی بڑی تعداد ہلاک و زخمی ہوئی، وسیع پیمانے پر تباہی پھیلی اور لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔وولکر ترک نے یہ بھی اعلان کیا کہ ایک غیرجانبدار اور آزادانہ جائزہ مشن نے 2 مارچ سے جاری تنازعے کے دوران تمام فریقوں کی جانب سے مبینہ خلاف ورزیوں سے متعلق معلومات اور شواہد جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔انہوں نے لبنانی حکام کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 2 مارچ سے اب تک لبنان میں 4,300 سے زائد افراد ہلاک اور 12,200 سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں جن میں 135 سے زائد طبی عملے کے ارکان کے علاوہ متعدد صحافی اور میڈیا کارکن بھی شامل ہیں۔








