انسن اینڈ جانسن (جے اینڈ جے) نے امریکہ میں دائر ہونے والے ہزاروں مقدمات کے تصفیے کے لیے 5.5 ارب ڈالر (4.14 ارب پاؤنڈ) تک ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔
بے بی پاؤڈر سے کینسر کے دعوے، جانسن اینڈ جانسن کی مقدمات کے تصفیے کے لیے 5.5 ارب ڈالر تک کی پیشکش

مزید خبریں
نیویارک ۔29جولائی (اے پی پی):انسن اینڈ جانسن (جے اینڈ جے) نے امریکہ میں دائر ہونے والے ہزاروں مقدمات کے تصفیے کے لیے 5.5 ارب ڈالر (4.14 ارب پاؤنڈ) تک ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔
بی بی سی کے مطابق ان مقدمات میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کمپنی کا بے بی پاؤڈر اور ٹیلک پر مشتمل دیگر مصنوعات بیضہ دانی کے کینسر کا سبب بنتی ہیں۔اس مجوزہ تاریخی تصفیے کا مقصد ایک طویل قانونی تنازع کا خاتمہ کرنا ہے جو کئی برسوں سے نیو جرسی میں قائم صحتِ عامہ کی اس بڑی کمپنی پر اثر انداز ہو رہا ہے۔جے اینڈ جے نے اس الزام کی تردید کی ہے کہ اس کی ٹیلک پر مبنی مصنوعات کینسر کا سبب بنتی ہیں، اور کمپنی اپنے وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے بے بی پاؤڈر کا فارمولا بھی تبدیل کر چکی ہے۔کمپنی کے نائب صدر برائے قانونی چارہ جوئی ایرک ہاس نے پیر کے روز کہا کہ یہ الزامات بے بنیاد ہیں، تاہم جے اینڈ جے اس معاملے کو حتمی طور پر ختم کرنے کے لیے تصفیے پر آمادہ ہے۔جے اینڈ جانسن کے مطابق یہ تصفیہ تقریباً 76 ہزار مقدمات سے نمٹنے کے لیے ہے، جو ٹیلک سے متعلق باقی ماندہ مقدمات کی بڑی تعداد ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اگلے سال تین ارب ڈالر تک ادا کرے گی اور 2028 سے پہلے مزید کوئی ادائیگی نہیں کرے گی۔کمپنی کے مطابق اس تجویز کو حتمی شکل دینے کے لیے ضروری ہے کہ ریاستی اور وفاقی عدالتوں میں زیرِ سماعت بیضہ دانی کے کینسر سے متعلق 95 فیصد دعووں کی نمائندگی کرنے والی قانونی فرمیں اسے قبول کریں۔ایرک ہاس نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی کو یقین ہے کہ اگر مقدمات کی کارروائی جاری رہتی تو وہ بالآخر کامیاب رہتی، جیسا کہ اب تک عدالتوں میں سنے گئے زیادہ تر مقدمات میں ہوا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ مجوزہ تصفیہ کمپنی کو اس معاملے کو ماضی کا حصہ بنانے کا موقع دے گا اور جے اینڈ جے کو جانیں بچانے والی ادویات اور طبی آلات کی تیاری کے اپنے مشن پر توجہ مرکوز رکھنے میں مدد دے گا۔








