وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ سے آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف کی الوداعی ملاقات

وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے بدھ کو الوداعی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے بدھ کو الوداعی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون اور باہمی شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر قانون نے سفیر خضر فرہادوف کی پاکستان میں تعیناتی کے دوران پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے ان کی خدمات اور کاوشوں کو سراہا۔

انہوں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ میں سفیر کے مثبت کردار کی تعریف کرتے ہوئے ان کے آئندہ فرائض کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اپنے قیام کے دوران ملنے والی محبت، خلوص اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں انجام دینا ان کے لئے باعثِ فخر رہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور آذربائیجان کی مضبوط دوستی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے۔

ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی، باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور ہر سطح پر ایک دوسرے کی مسلسل حمایت جاری رکھی جائے گی۔ اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دونوں ممالک بہترین دوست اور قابلِ اعتماد شراکت دار ہیں اور ان کی دوستی مستقبل میں مزید مضبوط ہوگی۔

 

مزید خبریں