جاپان ، کماموتو زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 28 ہوگئی

جاپان کےصوبے کماموتو میں آنے والے 7.1 شدت کے زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 28 ہوگئی ۔

ٹوکیو ۔30جولائی (اے پی پی):جاپان کےصوبے کماموتو میں آنے والے 7.1 شدت کے زلزلے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 28 ہوگئی ۔

شنہوا کے مطابق جاپان کے چیف کابینہ سیکرٹری منورو کیہارا نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق صبح 6:30 بجے تک ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 28 ہو چکی ہے۔دوسری جانب کماموتو صوبے میں قائم ڈیزاسٹر رسپانس ہیڈکوارٹر کے اجلاس میں حکام نے بتایا کہ اب تک 17 افراد کی ہلاکت کی باقاعدہ تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 6 افراد دل کی دھڑکن بند ہونے کی حالت میں پائے گئے ہیں اور کم از کم ایک شخص تاحال لاپتا ہے۔صوبائی حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں 415 امدادی پناہ گاہیں قائم کی گئی ہیں جہاں 10 ہزار 467 افراد نے عارضی پناہ حاصل کر رکھی ہے۔زلزلے کے باعث کماموتو صوبے میں تقریباً 22 ہزار 950 گھروں کی بجلی بھی منقطع ہو گئی ، حکام کی جانب سے امدادی اور بحالی کی کارروائیاں جاری ہیں۔