الجزائر اور مصر کے صدور کاٹیلی فونک رابطہ ، علاقائی تنازعات کے پُرامن حل پر زور

الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پُرامن حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

الجزائر۔30جولائی (اے پی پی):الجزائر کے صدر عبدالمجید تبون اور مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پُرامن حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

شنہوا کےمطابق الجزائر کی صدارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی، جس میں الجزائر اور مصر کے درمیان بہترین تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔گفتگو کے دوران دونوں صدور نے فلسطین، مشرق وسطیٰ، خلیجی خطے اور عرب دنیا کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں موجود تمام تنازعات اور کشیدگی کے لیے پُرامن راستے تلاش کیے جانے چاہئیں۔دونوں رہنماؤں نے لیبیا کی صورتحال پر بھی گفتگو کی اور اس بات پر زور دیا کہ ملک کو درپیش موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں۔ٹیلی فونک رابطے کے دوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے الجزائر میں حالیہ جنگلات میں لگی آگ سے متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔