وزیراعظم شہباز شریف کا شمالی بحیرہ عرب میں پھنسے ماہی گیروں کو بچانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی بحیرہ عرب میں پھنسے ماہی گیروں کو بچانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کے عزم اور ہمہ وقت تیاری کا مظہر ہے ۔

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی بحیرہ عرب میں پھنسے ماہی گیروں کو بچانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کے عزم اور ہمہ وقت تیاری کا مظہر ہے ۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کے جہازپی این ایس تیمورنے کامیاب آپریشن میں سمندر میں پھنسے19ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کیا۔وزیراعظم نے کشتی پرسوار عملے کے تمام 19 افراد، جن میں11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل تھے، کو بحفاظت بچانے پر آپریشن میں شامل پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی پزیرائی کی ۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کے جوانوں نے کشتی کےعملے کو سمندر میں خوراک، پینے کا پانی اورطبی امداد فراہم کی جو کہ ہماری افواج کی انسانی ہمدردی اور پیشہ ورانہ تربیت کا عملی ثبوت ہے، یہ کامیاب ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے پاک بحریہ کے عزم اور ہمہ وقت تیاری کا مظہر ہے۔