آزادکشمیر میں استحکام پاکستان پارٹی تیسری بڑی قوت بن کر اقتدار میں شامل ہوگی،سردار تنویر الیاس

صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ریاست میں آئی پی پی تیسری بڑی قوت بن کر اقتدار میں شامل ہوگی اور عوامی مسائل حل کر ے گی، ہماری جماعت اس وقت وفاق اور گلگت بلتستان میں اقتدار میں ہے اور اب آزادکشمیر کے اقتدار میں بھی شریک ہوگی۔

اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):صدر استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ ریاست میں آئی پی پی تیسری بڑی قوت بن کر اقتدار میں شامل ہوگی اور عوامی مسائل حل کر ے گی، ہماری جماعت اس وقت وفاق اور گلگت بلتستان میں اقتدار میں ہے اور اب آزادکشمیر کے اقتدار میں بھی شریک ہوگی۔

یہاں جاری بیان کے مطابق سردار تنویر الیاس خان نے آزاد امیدوار اسمبلی حلقہ ایل اے- 25 وقار انجم ایڈووکیٹ کی جانب سے یونین کونسل لوئر گریس کے گاؤں جندر سیری میں منعقدہ شمولیتی تقریب میں شرکت کی۔ سابق وزیراعظم کو سینئر رہنما آئی پی پی کمانڈر شفیق الرحمٰن کی جانب سے روایتی کشمیری چغہ اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا گیا۔اس موقع پر آزاد امیدوار اسمبلی وقار انجم ایڈووکیٹ نے صدر آئی پی پی آزاد کشمیر کو عوام علاقہ کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور اپنے خاندان ، ساتھیوں، کارکنان و سپورٹرز سمیت سابق وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن سے دستبرداری اور استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا جنہیں سردار تنویر الیاس خان نے پارٹی مفلر پہنا کر خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیلم ویلی دنیا کی سب سے خوبصورت وادی ہے مگر بدقسمتی سے اہلیان نیلم آج بھی دیگر اضلاع سے سو سال پیچھے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جندر سیری میں فرسٹ ایڈ سینٹر ، واٹر ٹینک اور مدرسے کے لیے پانی کی فراہمی کا انتظام ذاتی حیثیت میں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ نیلم کے وسائل نیلم میں استعمال ہوں گے، ہم مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کر حکومت بنانے جا رہے ہیں ، نیلم کی عوام کو درپیش مسائل حل کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ووٹ قومی امانت ہے اسے ضائع نہیں ہونے دینا ، آزاد کشمیر میں آئندہ مہینوں میں ہر طرف آئی پی پی نظر آئے گی۔تقریب میں سینئر رہنما آئی پی پی ڈاکٹر سردار ظفر اقبال، سابق معاون خصوصی سردار امتیاز شاہین، چوہدری اختر ایوب ، شفیق الرحمٰن کمانڈر ، سابق معاون خصوصی سردار افنان نواز، سابق معاون خصوصی سدھیر مغل ، ڈسٹرکٹ کونسلر فائزہ خان ، سابق سٹاف آفیسر سردار صدام نسیم ، سردار عظمان فدا ، پیر عبدالقادر، پریس سیکرٹری نوید چوہدری، سردار فاران انور، سردار عاصم حمید، نوجوان رہنما ولید زمان ، نذیر پراچہ ، تنویر وانی ایڈووکیٹ و دیگر موجود تھے۔