وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے گوجرانوالہ سمال چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز)، برآمدات کے فروغ، صنعتی مسابقت، فنانس تک رسائی اور ریگولیٹری تک رسائی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے گوجرانوالہ سمال چیمبر آف کامرس کے وفد کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔30جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے گوجرانوالہ سمال چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز)، برآمدات کے فروغ، صنعتی مسابقت، فنانس تک رسائی اور ریگولیٹری تک رسائی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ترجمان وزارت تجارت کے مطابق وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ ایس ایم ایز پاکستان کے مینوفیکچرنگ سیکٹر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایس ایم ایز کو مضبوط کرنا حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ وفد نے افریقی منڈیوں میں بزنس ٹو بزنس میٹنگز اور تجارتی وفود کے انعقاد کے لیے حکومتی تعاون کی بھی درخواست کی تاکہ پاکستانی کاروباری اداروں کو تجارتی روابط قائم کرنے میں مدد ملے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ افریقہ کی بڑھتی ہوئی آبادی اور مسابقتی قیمت والی مصنوعات کی طلب پاکستان کے انجینئرنگ، دھات، گھریلو آلات اور لائٹ مینوفیکچرنگ کے شعبوں کے لیے اہم مواقع فراہم کرتی ہے۔اجلاس میں کاروبار کرنے کی زیادہ لاگت ،توانائی کی قیمتوں، ٹیکس ، سستی مالیات تک رسائی اور پرانی صنعتی مشینری کو بدلنے کے حوالے سے بھی تعمیری بات چیت کی گئی ۔
جام کمال نے کہا کہ حکومت صنعتی مسابقت کو بہتر بنانے، ٹیکنالوجی کی اپ گریڈیشن کو فروغ دینے اور فنانسنگ تک بہتر رسائی کے ذریعے جدید کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے اصلاحات پر سرگرمی سے عمل کر رہی ہے۔ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر نے وفد کو بتایا کہ حکومت برآمد کنندگان کی سہولت کے لیے ایکسپورٹ فنانسنگ اور کریڈٹ گارنٹی کی سہولیات میں تیزی لا رہی ہے۔ انہوں نے کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان کی حمایت یافتہ فنانسنگ کے لیے کمرشل بینکوں سے رجوع کریں اور انہیں یقین دلایا کہ وزارت ان سہولیات تک رسائی میں برآمد کنندگان کو درپیش حقیقی مسائل کو حل کرے گی۔








