پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ، چوتھا سپیل 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان،پی ڈی ایم اے

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔

لاہور۔30جولائی (اے پی پی):گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کیمطابق نورپور تھل میں سب سے زیادہ 52 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں تاجپورہ 28، جوہر ٹاون 24, پانی والا تالاب 20, لکشمی چوک 16 اور مناواں میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کیمطابق سیالکوٹ ایئرپورٹ 26، گوجرانولہ 21، ٹوبہ ٹیک سنگھ 15، مری 7، راولپنڈی 5، فیصل آباد اور حافظ آباد میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،گجرات، جھنگ، ساہیوال، بھکر، شیخو پورہ اور جہلم میں بھی ٹریس بارش ہوئی۔ترجمان کیمطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی ہے۔مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہے گا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب محمدسیف انور جپہ نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز و ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ شہری کچے اور بوسیدہ مکانات میں ہر گز رہائش پذیر نہ ہوں۔ آسمانی بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں،ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر یں۔