بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ ،مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی سالگرہ جمعہ کو منائی گئی

"بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ اور مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی سالگرہ جمعہ کو منائی گئی۔”

اسلام آباد۔31جولائی (اے پی پی):بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ہمشیرہ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی سالگرہ جمعہ 31 جو لائی کو منائی گئی۔

محترمہ فاطمہ جناح 31 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کیا اور اسی وجہ سے وہ مادر ملت کہلائیں۔محترمہ فاطمہ جناح نے جرات، عزم اور کردار سے برصغیر کی تاریخ کا دھارا بدل دیا۔ مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح تحریکِ پاکستان میں قائد اعظم کی سب سے مضبوط ڈھال تھیں ۔ انہوں نے ثابت کیا کہ اگر عزم سچا ہو تو کوئی رکاوٹ راستے کی دیوار نہیں بن سکتی۔ فاطمہ جناح نے 1919میں کلکتہ یونیورسٹی سے ڈینٹل سرجری کی ڈگری حاصل کر کے نہ صرف خود کو منوایا بلکہ قائد اعظم کے شانہ بشانہ تحریک آزادی میں اپنے کردار کی وجہ سے برصغیر کی تمام مسلمان خواتین کے لیے مشعلِ راہ بن گئیں۔انہوں نے اپنی شب و روز کی محنت سے مسلمان خواتین کو بیدار کیا اور قیامِ پاکستان کے بعد ویمنز ریلیف کمیٹی کی بنیاد رکھ کر ملک کی تعمیرِ نو میں بھی لازوال کردار ادا کیا۔مادرِ ملت فاطمہ جناح کا جذبہ اور قربانیاں آج بھی پاکستان کے لیے روشن مثال ہیں۔ مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریبات میں انہیں بھر پور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔