اسلام آباد ، ایکسپریس وے کی خستہ حال سروس روڈ کی بحالی و کشادگی کے منصوبے پر ترقیاتی کام شروع

اسلام آباد میں عوام کی سہولت کے لیے ایک اور بڑےمنصوبہ کے تحت ایکسپریس وے کی خستہ حال سروس روڈ کی بحالی و کشادگی کے منصوبے پر ترقیاتی کام شروع کر دیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کو منصوبہ کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):اسلام آباد میں عوام کی سہولت کے لیے ایک اور بڑےمنصوبہ کے تحت ایکسپریس وے کی خستہ حال سروس روڈ کی بحالی و کشادگی کے منصوبے پر ترقیاتی کام شروع کر دیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ہفتہ کو منصوبہ کا دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے منصوبے کو ایک سال کی جگہ چند ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں رفتار، معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد کی درجنوں آبادیوں کو فائدہ پہنچے گا اور ہائی وے پر ٹریفک کے دباؤ اور رش میں نمایاں کمی آئے گی،اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کے لیے آمد و رفت مزید آسان اور تیز ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرانی سروس روڈ کی حالت زار دیکھ کر انتہائی افسوس ہوا ہے، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا کہ ایسی خراب سروس روڈ اسلام آباد کا حصہ ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے ہر علاقے کی ترقی اور شہریوں کو معیاری سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔

عوامی مشن کی تکمیل میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔ وفاقی وزیر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبہ 8.25 کلومیٹر طویل ہوگا، فیض آباد سے کورال چوک تک مکمل کیا جائے گا۔منصوبے میں 6 رویہ سڑک (دونوں اطراف تین تین)، ایک انڈر پاس اور ایک فلائی اوور شامل ہیں۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ کو منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر چیف کمشنر اسلام آباد ، ڈی سی اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں
چیئرمین سینیٹ سے پاکستانی پروفیشنل ریسلر اَطر زاہد کی ملاقات اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاکستانی پروفیشنل ریسلر اَطر زاہد نے ملاقات کی۔ اَطر زاہد سعودی عرب میں پیدا ہونے والے پہلے پاکستانی پروفیشنل ریسلر ہیں جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے اَطر زاہد کو ان کی شاندار کامیابیوں پر مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اَطر زاہد نے اپنی محنت، صلاحیت اور بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کیا ہے، جو قابلِ ستائش ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کھیل امن، دوستی اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہیں، جبکہ کھلاڑی اپنی صلاحیتوں اور کامیابیوں کے ذریعے دنیا بھر میں اپنے ملک کے بہترین سفیر ثابت ہوتے ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل جسمانی صحت، ذہنی نشوونما، نظم و ضبط اور ثابت قدمی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور پاکستانی کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔