ریسکیو نے ماہ جولائی میں 13,486 ایمرجنسیز پر ریسپانس کرکے 13,538 افراد کو ریسکیو کیا

ریسکیو 1122 ملتان نے گزشتہ ماہ جولائی 2026 کے اعداد و شمار کے مطابق 13,486 ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس کرتے ہوئے 13,538 متاثرین کو ریسکیو کیا۔ ریسکیو 1122 ملتان کا اوسط ریسپانس ٹائم 7 منٹ سے کم رہا۔

ملتان۔01 اگست (اے پی پی):ریسکیو 1122 ملتان نے گزشتہ ماہ جولائی 2026 کے اعداد و شمار کے مطابق 13,486 ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس کرتے ہوئے 13,538 متاثرین کو ریسکیو کیا۔ ریسکیو 1122 ملتان کا اوسط ریسپانس ٹائم 7 منٹ سے کم رہا۔ ریسکیو 1122 نے ماہ جولائی میں 2,763 روڈ ٹریفک حادثات، 109 آگ لگنے کے واقعات، 311 لڑائی جھگڑے (کرائم) کی ایمرجنسیز، 08 عمارت منہدم ہونے کے واقعات اور 8,065 میڈیکل ایمرجنسیز، جن میں دل کا دورہ، سانس کے مریض، گائنی اور دیگر طبی ایمرجنسیز شامل ہیں، پر بروقت ریلیف فراہم کیا۔ ان تمام 13,486 ایمرجنسیز میں 5,461 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 6,929 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ روڈ ٹریفک حادثات میں 24 متاثرین جانبر نہ ہو سکے اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اس کے علاوہ 678 مریضوں کو بہتر علاج کے لیے ڈاکٹروں کی ہدایات پر ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال محفوظ طریقے سے منتقل کیا گیا۔

مزید برآں، ریسکیو 1122 ملتان نے خدمتِ انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے 58 جانوروں کو بھی ریسکیو کرکے طبی امداد فراہم کی۔انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سیزن اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ملتان نے دفعہ 144 کے تحت دریاؤں، نہروں، ندی نالوں، برساتی ریلوں اور تالابوں میں نہانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، لہٰذا شہری اس پر سختی سے عمل کریں اور اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے سے گریز کریں۔

ریسکیو 1122 ملتان نے ممکنہ فلڈ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلع بھر بشمول ملتان سٹی، ملتان صدر، شجاع آباد اور جلال پور پیر والا میں 9 فلڈ ریسپانس پوائنٹس قائم کر دیے ہیں، جہاں تربیت یافتہ ریسکیورز، ریسکیو بوٹس، لائف جیکٹس، ریسکیو آلات اور دیگر ضروری سامان پہلے ہی تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ریسپانس فراہم کیا جا سکے۔

ڈاکٹر حسین میاں نے شہریوں سے اپیل کی کہ مون سون کے دوران دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور برساتی پانی میں داخل ہونے سے گریز کریں، پرانی اور خستہ حال عمارتوں، چھتوں اور دیواروں سے دور رہیں، بجلی کے کھمبوں، ٹوٹے ہوئے تاروں اور برقی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ رکھیں، برقی آلات احتیاط سے استعمال کریں، جبکہ بارش کے دوران ٹریفک قوانین پر عمل، رفتار پر قابو، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 پر اطلاع دیں۔