چیف جسٹس آف پاکستان کی بروقت پنشنری مراعات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت

"چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے بروقت پنشنری مراعات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کو پنشنری مراعات ریٹائرمنٹ کے وقت ہی فراہم کی جائیں۔”

اسلام آباد۔1اگست (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیٰ آفریدی نے بروقت پنشنری مراعات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کو پنشنری مراعات ریٹائرمنٹ کے وقت ہی فراہم کی جائیں۔

سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے افسران کو ان کے قانونی حقوق بلا تاخیر اور بغیر کسی دشواری کے ملنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریٹائر ہونے والے سینئر اسسٹنٹ رجسٹرار حفظ الرحمٰن کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔چیف جسٹس یحیٰ آفریدی نے حفظ الرحمٰن کو پنشنری مراعات کا چیک پیش کیا اور اسٹیبلشمنٹ برانچ کو پنشن سے متعلق تمام کارروائی بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنشن سے متعلق تمام رسمی کارروائیاں ریٹائرمنٹ سے قبل مکمل کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ ملازمین کی فلاح و بہبود اور مؤثر انتظامی نظام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔چیف جسٹس سپریم کورٹ ریٹائر ہونے والے ملازمین کے وقار اور ان کے حقوق کے بروقت تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے۔رجسٹرار سپریم کورٹ، افسران اور ملازمین نے حفظ الرحمٰن کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے شرکاء نے حفظ الرحمٰن کے لیے صحت مند، خوشحال اور کامیاب ریٹائرڈ زندگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

مزید خبریں