چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر 4 اگست کو ٹریفک پلان جاری

"چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایات پر چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر 4 اگست کو نکالے جانے والے جلوسوں کے لیے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔”

راولپنڈی۔2اگست (اے پی پی):چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایات پر چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر 4 اگست بروز منگل کو نکالے جانے والے جلوسوں کے لیے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔

اتوار کو چیف سکیورٹی آفیسر ٹریفک انسپکٹر محمد وسیم کے مطابق ضلع راولپنڈی میں چہلم کے سلسلے میں مجموعی طور پر 11 جلوس برآمد ہوں گے جن کی ٹریفک ڈیوٹی کے لیے 310 سے زائد ٹریفک افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے دوران سکیورٹی اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے شہر کے 12 مقامات پر ٹریفک ڈائیورژنز قائم کی جائیں گی۔ جلوس کے اوقات میں لیاقت روڈ (ڈی اے وی کالج چوک تا فوارہ چوک)، سٹی صدر روڈ (مشرق ہوٹل تا فوارہ چوک)، کشمیری بازار روڈ (ناولٹی سینما تا فوارہ چوک)، گنجمنڈی روڈ (تھانہ گنجمنڈی ٹرن تا فوارہ چوک)، باغ سرداراں روڈ (چونگی نمبر 4 تا بانسا نوالہ چوک)، بنی چوک، اقبال روڈ (کمیٹی چوک تا فوارہ چوک)، گورڈن کالج روڈ، ففتھ روڈ، فورتھ روڈ اور اصغر مال روڈ ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔ ترجمان کے مطابق مختلف مقامات سے آنے والی ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا جبکہ شہریوں کی سہولت کے لیے ان راستوں پر اضافی ٹریفک اہلکار بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ آمدورفت بلا تعطل جاری رہے۔ چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے تمام سرکل ڈی ایس پیز اور ٹریفک انچارجز کو ہدایت کی ہے کہ وہ چہلم شہدائے کربلا کے موقع پر انتہائی الرٹ رہتے ہوئے اپنے فرائض انجام دیں، ضلعی پولیس کے ساتھ مکمل رابطے میں رہ کر ٹریفک پلان پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنائیں اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک پلان پر عمل کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور جلوسوں کے اوقات میں مری روڈ اور ملحقہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی بھی قسم کی دشواری سے بچا جا سکے۔