"پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے نیشنل ہاکی پورٹل کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد قومی ہاکی سے متعلق معلومات اور سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں یکجا کرنا ہے۔”
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے نیشنل ہاکی پورٹل کا آغاز کر دیا
اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے تعاون سے نیشنل ہاکی پورٹل کا آغاز کر دیا ہے۔
یہ ایک ملک گیر ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد پاکستان بھر کے اسکولوں سے نوجوان ہاکی ٹیلنٹ کی شناخت، رجسٹریشن اور تربیت کرنا ہے۔ تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کو ترغیب دی گئی ہے کہ وہ nationalhockeyportal.com پر رجسٹریشن کرائیں اور اس تاریخی اقدام کا حصہ بنیں، جس کا مقصد منظم گراس روٹ پروگرام کے ذریعے پاکستان کے قومی کھیل کو دوبارہ عروج دلانا ہے۔اس قومی مہم کے تحت پاکستان ہاکی فیڈریشن مرحلہ وار ملک بھر کے ایک ہزار اسکولوں کو ہاکی کا سامان فراہم کرے گی۔ رجسٹرڈ اسکولوں کو تکنیکی رہنمائی، کوچنگ سپورٹ، ٹیلنٹ کی شناخت اور کھلاڑیوں کی استعداد بڑھانے کے پروگراموں میں شرکت کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد اسکولوں کی سطح پر ہاکی کو فروغ دے کر نوجوان کھلاڑیوں کی مضبوط کھیپ تیار کرنا ہے، تاکہ ہر صوبے، علاقے اور ضلع کے باصلاحیت لڑکے اور لڑکیاں اپنی صلاحیتوں کو نکھار سکیں اور مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تمام صوبائی حکومتوں، محکمہ ہائے تعلیم، اسکول انتظامیہ اور نجی تعلیمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ نیشنل ہاکی پورٹل پر اسکولوں کی بروقت رجسٹریشن کو یقینی بنا کر اس قومی اقدام میں بھرپور تعاون کریں۔ ان کا تعاون ہاکی میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو فروغ دینے، گراس روٹ کھیلوں کو مضبوط بنانے اور مستقبل کے قومی ہاکی ستاروں کی تلاش میں اہم کردار ادا کرے گا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن، وزارت بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کے اشتراک سے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ٹیلنٹ کی شناخت اور جامع گراس روٹ پروگرام کے ذریعے پاکستان کی شاندار ہاکی روایات کی بحالی کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔









