وزارت تجارت 4 اگست کو 10ویں پاکستان-ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس کی میزبانی کرے گی

"وزارت تجارت 4 اگست 2026 کو اسلام آباد میں 10ویں پاکستان-ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس کی میزبانی کرے گی، جس میں دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔”

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وزارت تجارت 4 اگست 2026ء کو اسلام آباد میں 10ویں پاکستان-ایران مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کے اجلاس کی میزبانی کرے گی۔

ترجمان وزارت تجارت کے مطابق اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ایران کے وزیر صنعت، کان کنی و تجارت محمد اتابک کریں گے۔ تجارت کے سپیشل سیکریٹری سید حمید علی اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ایران کے 22 رکنی اعلیٰ سطحی سرکاری وفد کے ساتھ ایران چیمبر آف کامرس، انڈسٹریز، مائنز اینڈ ایگریکلچر (آئی سی سی آئی ایم اے) کی قیادت میں 16 رکنی کاروباری وفد بھی اجلاس میں شریک ہوگا۔مشترکہ تجارتی کمیٹی دوطرفہ تجارتی اقدامات پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لے گی اور پاکستان-ایران آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو آگے بڑھانے، سرحد پار تجارت کو سہولت دینے، کسٹمز اور بینکاری تعاون کو مضبوط بنانے، نقل و حمل اور ٹرانزٹ رابطوں کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری و تجارتی تعاون کو وسعت دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرے گی۔