ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ایپکس گورننگ باڈی کا اجلاس ، نئے مالی سال کے بجٹ تخمینوں کی منظوری

"ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ایپکس گورننگ باڈی کے 48ویں اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دے دی گئی۔”

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی ایپکس گورننگ باڈی کے 48ویں اجلاس میں مالی سال 27-2026 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دے دی گئی۔

اجلاس میں ملک کے اعلیٰ تعلیمی شعبے سے متعلق مالی، انتظامی، تعلیمی اور پالیسی امور پر بھی غور کیا گیا۔پیر کو ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے کی۔ اجلاس میں فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں مالی سال 27-2026 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دی گئی۔منظور شدہ بجٹ میں سرکاری جامعات کے لئے وفاقی جاری گرانٹ، ایچ ای سی سیکرٹریٹ کے اخراجات اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت ترقیاتی گرانٹ شامل ہے۔ کمیشن نے ادارہ جاتی نظم و نسق کو مزید مضبوط بنانے اور تنظیمی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے متعدد مالی و انتظامی اقدامات کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، معیاری تدریس، تحقیق، اختراع اور افرادی قوت کی ترقی کے لئے دانشمندانہ مالی نظم و نسق اور سرکاری سرمایہ کاری کا تسلسل ناگزیر ہے۔ کمیشن نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے سے متعلق مختلف تعلیمی، ضابطہ جاتی اور انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا اور ایجنڈے کے مطابق فیصلے کئے۔اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر ضیاء الحق، وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے ایڈیشنل سیکرٹری حسن ثقلین، وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندے نسیم حیدر، بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ کی صوبائی حکومتوں کے نمائندگان، وائس چانسلرز کمیٹی کے نمائندے اور کمیشن کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔