گورنر خیبرپختونخوا کی حاجی غلام احمد بلور سے ملاقات، سیاسی صورتحال اور صوبائی مسائل پر تبادلہ خیال

"گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور سے ملاقات کی، جس میں سابق گورنر خیبرپختونخوا شوکت اللہ خان بھی موجود تھے۔”

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور سے ملاقات کی جس میں سابق گورنر خیبرپختونخوا شوکت اللہ خان بھی موجود تھے۔

پیر کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال،خیبرپختونخوا کو درپیش مسائل اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے حاجی غلام احمد بلور کی طویل سیاسی جدوجہد، جمہوریت کے استحکام اور عوامی خدمت کے لیے انجام دی جانے والی خدمات کوزبردست خراج تحسین پیش کیا۔گورنر نے کہا کہ حاجی غلام احمد بلور نے ہمیشہ جمہوری اقدار، عوامی حقوق کے تحفظ اورخیبرپختونخوا کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حاجی غلام احمد بلور نے باچا خان کے فلسفہ امن، رواداری اور خدمت خلق کو اپنی عملی سیاست کا حصہ بنایا جبکہ اصولی سیاست، برداشت، مکالمے اور عوامی خدمت کے فروغ میں ان کی خدمات قابل قدر ہیں۔فیصل کریم کنڈی نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بزرگ سیاسی رہنمائوں کے تجربات اور دانش سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقع پرحاجی غلام احمد بلور نے بھی گورنر فیصل کریم کنڈی کی سیاسی اور عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو جمہوری استحکام، قومی یکجہتی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا چاہیے۔