"الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ 29 اگست تک اپنے اکاؤنٹس کے گوشوارے جمع کرائیں۔”
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو 29 اگست تک اپنے اکائونٹس کے گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت

مزید خبریں
اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 204 اور 210 اور الیکشن رولز 2017 کے قاعدہ 159 اور 160 کے تحت یاد دہانی کرائی ہے کہ انہیں جون 2026ء میں ختم ہونے والے مالی سال 26-2025 کے لیے اپنے اکائونٹس کے مربوط گوشوارے الیکشن کمیشن میں 29 اگست 2026ء تک یا اس سے پہلے جمع کروانے ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے اپنے جاری بیان میں کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 210 کا متن ہے کہ کوئی سیاسی جماعت مالی سال کے اختتام کے ساٹھ دن کے اندر کمیشن کو اپنے گوشوارے فارم-ڈی پر چارٹرڈ اکائونٹنٹ کے ذریعے فنڈنگ کے ذرائع،اثاثے اور واجبات کی تفصیل پیش کرے گا۔ ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو پیش کی جانے والی تفصیلات سیاسی جماعت کی آڈٹ رپورٹ جو چارٹرڈ اکائونٹنٹ کی طرف سے جاری کی گئی ہو اور پارٹی سربراہ کی جانب سے مجاز عہدیدار سے دستخط شدہ ہو، جس میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہو کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت ممنوعہ ذرائع سے پارٹی کو کوئی فنڈ نہیں ملا،گوشواروں میں پارٹی کی مالی حالت کے بابت درست معلومات موجود ہے۔








