"چہلم حضرت امام حسینؓ اور حضرت داتا علی ہجویریؒ کے عرس کے موقع پر پنجاب بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ مذہبی تقریبات پُرامن اور محفوظ ماحول میں منعقد ہو سکیں۔”
چہلم امام حسینؓ اور عرس داتا علی ہجویریؒ، پنجاب بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل

مزید خبریں
لاہور۔3اگست (اے پی پی):محکمہ داخلہ پنجاب نے چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور عرس حضرت علی بن عثمان ہجویری رحمة اللہ علیہ کے موقع پر صوبہ بھر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر میں چہلم کے موقع پر 869 مجالس اور494 جلوس منعقد ہوں گے،جن پر فورس تعینات کی جا چکی ہے۔ پولیس کی معاونت کیلئے پاک فوج اور رینجرز کی خدمات طلب کی گئی ہیں تاکہ چہلم حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور عرس حضرت سید علی بن عثمان ہجویری رحمة اللہ علیہ کے موقع پر سکیورٹی انتظامات مزید موثر بنائے جا سکیں۔ترجمان نے بتایا کہ پنجاب کے 18 اضلاع کیلئے پاک فوج اور رینجرز کی 43 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں،جن میں پاک فوج کی15 جبکہ رینجرز کی 28 کمپنیاں شامل ہیں۔فوج اور رینجرز کے دستے لاہور،سیالکوٹ،نارووال، گجرات،راولپنڈی، اٹک، چکوال، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، پاکپتن، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بہاولپور اور رحیم یار خان میں تعینات ہوں گے تاکہ حساس مقامات،جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کو مزید موثر بنایا جاسکے۔محکمہ داخلہ نے اس ضمن میں پنجاب پولیس کی درخواست پر وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ جاری کیا تھا،جس کی منظوری دے دی گئی ہے۔








