چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس پرامن ماحول میں اختتام پذیر، آئی جی اسلام آباد نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

"چہلم حضرت امام حسینؓ کا مرکزی جلوس اسلام آباد میں پُرامن ماحول میں بخیریت اختتام پذیر ہو گیا۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا اور افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔”

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس پرامن ماحول میں بخیروعافیت اختتام پذیر ہو گیا، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا اور افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔

اسلام آباد پولیس کے فول پروف سکیورٹی پلان، جدید ٹیکنالوجی اور مربوط حکمت عملی سے جلوس کا پرامن انعقاد یقینی بنایا گیا۔پولیس ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چہلم حضرت امام حسین کا مرکزی جلوس پرامن ماحول میں بخیروعافیت اختتام پذیر ہوگیا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے جلوس کے لیے جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے 03ہزار سے زائد افسران و جوان تعینات کیے جبکہ پاکستان رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی سکیورٹی انتظامات میں بھرپور معاونت فراہم کی۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے جلوس کے روٹ کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیا جبکہ سیف سٹی اسلام آباد کے کنٹرول روم سے بھی سکیورٹی صورتحال اور جلوس کی مسلسل نگرانی کرتے رہے۔ اس موقع پر ڈی جی سیف سٹی محمد ہارون جوئیہ، ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز محمد جواد طارق، ڈی آئی جی لاءاینڈ آرڈر محمد عتیق طاہر،ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق، تمام ایس ایس پیز، زونل ایس پیز، چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد اور دیگر سینئر پولیس افسران بھی موجود تھے۔اسلام آباد پولیس نے جلوس کے روٹ اور اطراف میں موثر سکیورٹی حصار قائم رکھا۔ جلوس کے راستوں، داخلی و خارجی مقامات اور حساس مقامات پر سخت چیکنگ، واک تھرو گیٹس، جامع تلاشی، سیف سٹی کیمروں، ڈرون مانیٹرنگ، بم ڈسپوزل سرچ، روف ٹاپ ڈپلائمنٹ اور بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے سکیورٹی کو مزید موثر بنایا گیا۔ جلوس کے روٹ پر روشنی، ٹریفک مینجمنٹ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے جبکہ آپریشنز ڈویژن، سی ٹی ڈی، SWATفورس،سپیشل برانچ، لاجسٹکس ڈویژن ،ٹریفک پولیس اور لیڈی پولیس نے مربوط انداز میں اپنے فرائض سرانجام دیے۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سکیورٹی پر تعینات تمام افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مستعدی اور جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلوس کے مکمل اختتام تک تمام افسران و جوان اپنے ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود رہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ رہیں۔آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے مزید کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، مذہبی اجتماعات کی پرامن سکیورٹی اور امن و امان کا قیام اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلام آباد پولیس جدید ٹیکنالوجی، موثر منصوبہ بندی اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے باہمی تعاون سے ہر قومی و مذہبی موقع پر شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری پیشہ ورانہ مہارت، جذبہ خدمت اور مکمل عزم کے ساتھ انجام دیتی رہے گی۔