پاکستان کا مان بڑھ گیا، تائیکوانڈو کھلاڑی محمد عمر نے ملائیشیا انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل جیت لیا

"پاکستانی تائیکوانڈو کھلاڑی محمد عمر نے ملائیشیا انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت کر ملک کا نام روشن کر دیا۔”

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):پاکستان کے ابھرتے ہوئے تائیکوانڈو کھلاڑی محمد عمر نے ملائیشیا میں منعقدہ انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ (گولڈ میڈل) اپنے نام کر لیا ہے۔ یہ عالمی چیمپئن شپ 31 جولائی سے 2 اگست تک ملائیشیا میں کھیلی گئی۔چیمپئن شپ کے دوران پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد عمر نے سخت مقابلے کے بعد پہلے رائونڈ میں جنوبی کوریا کے مضبوط حریف کو چت کیا۔ بعد ازاں سنسنی خیز فائنل معرکے میں میزبان ملک ملائیشیا کے کھلاڑی کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے فتح حاصل کی اور چیمپئن شپ کی ٹرافی اپنے نام کی۔یہ کامیابی ان کے بین الاقوامی اعزازات کے کیریئر میں ایک اور بہترین اضافہ ہے۔ اس سے قبل بھی وہ قطر اور ملائیشیا میں عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے متعدد میڈلز اور پوزیشنز حاصل کر چکے ہیں۔’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے قومی کھلاڑی محمد عمر نے کہا کہ میں اپنی اس عالمی کامیابی کو قوم اور اپنے ملک پاکستان کے نام منسوب کرتا ہوں اور آئندہ بھی بین الاقوامی میدانوں میں ملک کا پرچم بلند کرنے کے لیے مزید محنت جاری رکھوں گا۔ انہوں نے ڈی آئی جی لاڑکانہ رینج ناصر آفتاب کی مسلسل سرپرستی اور حوصلہ افزائی کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے تعاون نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنے والدین، کوچز، ٹیم کے ساتھیوں اور شائقین کی دعائوں اور بھرپور حمایت کا بھی دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا۔