خیبر پختونخوا کےوزیر صحت خلیق الرحمان نے پیر کے روز فرنٹیئر انسٹی ٹیوٹ آف آپتھلمولوجی پشاور میں جدید ’’سمائل پرو ‘‘وژن کریکشن ٹیکنالوجی کا افتتاح کیا
خیبر پختونخوا میں آنکھوں کے علاج کا نیا دور، وزیر صحت خلیق الرحمان نے جدید لیزر ٹیکنالوجی کا افتتاح کر دیا

مزید خبریں
پشاور۔ 03 اگست (اے پی پی):خیبر پختونخوا کےوزیر صحت خلیق الرحمان نے پیر کے روز فرنٹیئر انسٹی ٹیوٹ آف آپتھلمولوجی پشاور میں جدید ’’سمائل پرو ‘‘وژن کریکشن ٹیکنالوجی کا افتتاح کیا۔محکمہ صحت خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق اس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت خیبر پختونخوا کے عوام کو دنیا کی جدید ترین لیزر وژن کریکشن سہولت اپنے ہی صوبے میں دستیاب ہو گئی ہے، جس سے مریضوں کو علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔افتتاحی تقریب میں ماہرین امراض چشم، سینئر ڈاکٹرز، طبی ماہرین، صحت کے شعبے سے وابستہ شخصیات اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت نے جدید سہولت کا تفصیلی معائنہ بھی کیا، جہاں انہیں اس ٹیکنالوجی کی افادیت، جدید خصوصیات اور مریضوں کو حاصل ہونے والے فوائد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان نے فرنٹیئر انسٹی ٹیوٹ آف آپتھلمولوجی کی انتظامیہ اور ماہرین امراض چشم کو اس جدید ٹیکنالوجی کے کامیاب آغاز پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سمائل پرو جیسی جدید سہولت کا پشاور میں آغاز خیبر پختونخوا کے صحت کے شعبے کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، جو صوبے میں جدید طبی سہولیات کے فروغ اور معیاری علاج کی فراہمی کے حکومتی عزم کا مظہر ہے۔
وزیر صحت نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو عالمی معیار کی طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ جدید طبی ٹیکنالوجی کا فروغ نہ صرف علاج کے معیار کو بہتر بنائے گا بلکہ مریضوں کے اخراجات اور وقت کی بھی بچت کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبے میں جدید آلات، جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت پر سرمایہ کاری دراصل عوام کی بہتر صحت اور روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ حکومت خیبر پختونخوا ایسے تمام اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی اور تعاون جاری رکھے گی جو عوام کو جدید، محفوظ اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے میں کردار ادا کر رہے ہیں۔صوبائی وزیر صحت نے فرنٹیئر انسٹی ٹیوٹ آف آپتھلمولوجی کے ڈاکٹروں اور عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ SMILE Pro ٹیکنالوجی سے ہزاروں مریض مستفید ہوں گے اور خیبر پختونخوا میں امراض چشم کے علاج کے معیار میں مزید بہتری آئے گی۔تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر صحت نے جدید ریفریکٹو سوٹ کا معائنہ کیا، ماہرین سے تبادلہ خیال کیا اور صوبے میں جدید طبی سہولیات کے مزید فروغ کے لیے حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔








